لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ بابر اعظم طاقتور کپتان ہیں، وہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، غلطیاں ہر کسی سے ہوتی ہیں، ان سے سیکھنا چاہیے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پہلے جونیئر اور سینئرز کا کمبی نیشن بنائیں گے، رضوان پہلا آپشن ہیں، سرفراز دوسرے نمبر پر ہیں۔
مصباح الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا طویل المدت منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں، ٹیم کی اچھی کارکردگی ہوگی تو اچھے نتائج برآمد ہوں گے، کھلاڑی مستقبل میں اچھا کھیلنے کیلئے پر عزم ہیں، نئے بولرز کو تجربہ کیلئے وقت چاہیئے، ایک میچ میں کسی کی کارکردگی کا جائزہ نہیں لیا جاسکتا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا محمد حفیظ اور شعیب ملک اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، سینئر کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک چل سکتے ہیں، سرفراز احمد بہترین وکٹ کیپر اور ہمارے پلان کا حصہ ہیں، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ ماضی میں کون کیا کہتا رہا، نسیم شاہ اور دیگر نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جب کامیابی نہ ملے تو مایوسی ایک فطری عمل ہے۔
مصباح الحق نے کہا ٹیم کو لمبے عرصہ کیلئے تیار کرنے کی کوشش کرنی ہے، کوچز کے ناموں سے کبھی مسئلہ نہیں ہوا، ان کا کام ضروری ہے، حسن علی انجری کا شکار ہوئے، شاداب کی کارکردگی ڈاؤن ہوئی۔