کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا ایک اور کیس بے نقاب ہوا ہے۔ نیب نے اس معاملے میں ملوث صوبائی محکمہ صحت کے 3 افسروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان نیب بلوچستان کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گرفتار افسران میں سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی محکمہ صحت بلوچستان شامل ہیں جبکہ مزید 2 افراد بھی کروڑوں روپے غبن کیس میں گرفتار کیے گئے ہیں۔
نیب اعلامیہ کے مطابق سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر اور دیگر ملزمان نے 40 کروڑ روپے سے زائد کا غبن کیا۔ انجیکشن کی خریداری کی رقم ایڈوانس میں وصول کر لی گئی تھی لیکن سپلائی صرف سرکاری کاغذوں میں دکھائی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ سرکاری خزانے کو لوٹنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ سرکاری وسائل عوام کی امانت ہیں۔ خیانت میں ملوث افراد کے خلاف ہر ممکن کارروائی کی جائیگی۔