کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاق نے فیصلہ کیا شہر قائد کیلئے جو ہوسکا کرے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مزار قائد جو کورونا وائرس کی وجہ سے 6 ماہ سے عوام کیلئے بند تھا آج عوام کیلئے کھول دیا جائے گا، عوام ایس اوپیز کے تحت مزار قائد پر آسکیں گے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کراچی ایک خوبصورت شہر ہے، وزیراعظم نے 11سو ارب کے پیکج کا اعلان کیا ہے، اس کی شفافیت کو یقینی بنائیں گے، شہر قائد میں پینے کے پانی اور نکاسی آب کا مسئلہ حل ہونا بہت ضروری ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا ملک کو کرپشن سے بہت نقصان پہنچا، ہماری آنکھوں کے سامنے وہ لوگ اربوں پتی بن گئے جن کے پاس کچھ نہیں تھا، دنیا بھر میں ان کی جائیدادیں ہیں، قوم مزید کرپشن کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
موٹروے زیادتی کیس پر شفقت محمود کا کہنا تھا حکومت ہر طریقے سے کوشش کرے گی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، کرمنل واقعات میں کابینہ سمیت پوری پارٹی یکسو ہے کہ نظام میں خامیوں کو دور کیا جائے، تحریک انصاف کی حکومت آئین پاکستان کے مطابق ہے اور تمام قوانین کو فالو کرتی ہے، عدالتیں کرائم کے مطابق جو سزا دیں گی وہ قانون کے مطابق ہوگی جس کی ہم مکمل حمایت کرتے ہیں۔