لاہور: (دنیا نیوز) صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے بیٹے کو جیل میں کورونا ہو گیا ہے، حمزہ کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی درخواست ہے۔
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ میرے بیٹے حمزہ شہباز کو جیل میں کورونا ہو گیا، حمزہ نے مشرف دور میں نیب مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے۔
میرے بیٹے حمزہ کو جیل میں کورونا ہوگیا ہے۔ مشرف دور میں نیب مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے بعد وہ اب نیب نیازی گٹھ جوڑ کے سیاسی انتقام کا انتہائی جراتمندی و ثابت قدمی سے سامنا کر رہا ہے۔ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ حمزہ کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا فرمائیں۔ جزاک اللہ خیر۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 13, 2020
دوسری جانب جیل حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کے ٹیسٹ سےمتعلق تاحال رپورٹ موصول نہیں ہوئی، ان کے آج مزید ٹیسٹ ہوں گے۔ حمزہ کی حالت پہلے سے بہتر ہے اس لئے ان کو جیل ہسپتال منتقل نہیں کیا، وہ اپنی بیرک میں ہی موجود ہیں۔
اس سے قبل ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی تھی کہ حمزہ شہباز کو ہسپتال منتقل کیا جائے، لاپرواہی سے صحت خطرے سے دوچار ہو سکتی ہے۔