ملک میں معاشی بدحالی عروج پر، خواتین کی عزتیں بھی محفوظ نہیں: مولانا فضل الرحمان

Published On 13 September,2020 08:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بدحالی عروج پر، خواتین کی عزتیں بھی محفوظ نہیں، ذمہ دار بہانے تراش رہے ہیں۔

تفصیل کے مطابق مولانا فضل الرحمان اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پہنچے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈٰیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی عروج پر ہے، معیشت زیرو سے نیچے چلی گئی۔ جب تک یہ سلیکٹڈ اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارنے والے موجود ہیں، پاکستان اور اکانومی محفوظ نہیں ہے۔

موٹروے زیادتی واقعے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام خاتون کی عزت بھی محفوظ نہیں ہے۔ شرم آتی ہے کہ ایسے واقعات کو دیکھ کر بھی ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ عبرت کا نشان بن جائیں۔

آل پارٹیز کانفرنس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک بات وضاحت سے کہنا چاہتا ہوں کہ اے پی سی میں ٹھوس فیصلے کرنا ہونگے، روایتی قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی۔ ٹھوس اقدامات کیا ہونگے، یہ میں اجلاس میں بتاؤنگا۔
 

Advertisement