لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے موٹروے زیادتی کیس کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت پر ڈالتے ہوئے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
ن لیگی رہنما احسن اقبال کہتے ہیں موٹر وے زیادتی کیس کے معاملے پر حکمرانوں کو مستعفی ہونا چاہیے، سی سی پی او کو بھی تبدیل کیا جائے۔ جیسے عمران خان اناڑی تھے ویسے ہی عثمان بزدار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجرم کوسنگین سےسنگین سزا دینے اور کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے اہلیت چاہیے جو ان میں نہیں ہے، ہم نےانتظامی و قانونی طریقے سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا۔ ملزموں کی نشاندہی کا سہرا پنجاب فرانزک لیب کے سر جاتا ہے، واقعہ پرحکومت نے کیا کیا۔ انہوں نے میڈیا پر خبریں چلائیں اور ایکشن کرنے کی بجائے مجرم کو بھگا دیا۔ کس کس واقعے کا ذکر کروں، ہر دوسرے دن اندوہناک واقعہ ہوتا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی صبح بھی انتقام سے ہوتی ہے اور شام بھی۔ بیس ستمبر کو اپوزیشن حکومت کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائے گی۔ حمزہ شہباز کورونا کا شکار ہیں، انہیں طبی سہولت فراہم کی جائے۔