مقررہ تاریخ گزرنے کے باوجود میٹرک کا رزلٹ جاری نہ ہو سکا، طلباء پریشان

Published On 18 September,2020 09:52 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مقررہ تاریخ گزر جانے کے باوجود پنجاب حکومت میٹرک کا رزلٹ دینے میں ناکام ہو گئی، طلبا نتائج میں تاخیر پر پریشان ہو گئے۔ دوسری طرف صوبائی وزیر راجہ ہمایوں یاسر کا کہنا ہے کہ بدھ یا جمعرات تک نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کے باعث پنجاب میں میٹرک کے امتحانات دینے والے طلبا کا انتظار مزید طویل ہوتا جا رہا ہے، وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ میٹرک کے رزلٹ کا اعلان 18 ستمبر کو کیا جائے گا، تاحال رزلٹ کا اعلان نہ ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق میٹرک کے نتائج پنجاب کابینہ کے میٹنگ منٹس جاری ہونے سے مشروط کر دیا گیا ہے، نتائج کے لیے کابینہ میٹنگ کے منٹس جاری ہوناضروری ہیں، نتائج ستمبر کے پہلے ہفتے تیار کر لیے گئے تھے۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ میٹنگ منٹس جاری ہونے کے اگلے روز نتائج کا اعلان ہو گا۔ پنجاب حکومت میٹرک کا رزلٹ دینے میں ناکام ہو گئی جس کے باعث طلبا نتائج میں تاخیر پر پریشان ہو گئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل صوبائی حکومت کی طرف سے میٹرک نتائج کیلئے 28 اگست، 8 ستمبر، 11 ستمبر اور 15 ستمبر کا فیصلہ ہوا تھا۔ پنجاب کابینہ اجلاس میں 15ستمبرکونتائج کےاعلان کی منظوری دی گئی۔

سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نعیم غوث کا کہنا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں کا کہنا ہے کہ میٹرک کے نتائج میں ایک ہفتہ مزید لگے گا، لاء ڈیپارٹنمنٹ اور کیبنٹ سے سمری مکمل ہوکر ہائر ایجوکیشن پہنچ چکی ہے، بیورو کریسی یا پنجاب حکومت میٹرک ، انٹر کے نتائج میں کوتاہی نہیں کررہے، گورنمنٹ پروسیجر مکمل کررہی تھی بڑا کام ہے پہلی دفعہ ایسے نتائج دینا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیبنٹ میں مخلتف لوگ آراء بھیجتے ہیں، سوموار کو ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹنمنٹ بورڈز کو نوٹیفکیشن جاری کرے گا، امید ہے بدھ جمعرات تک نتائج کا اعلان کردیا جائے گا، میٹرک و انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ چیلنج ہونے کا خطرہ تھا، قانونی کارروائیاں پوری کی ہیں۔
 

Advertisement