لاہور: (روزنامہ دنیا) کابینہ کمیٹی نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ملازمین کیلئے پیکیج منظور کرلیا۔
جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے ملازمین اور افسران کے لئے ڈبل تنخواہ کی منظوری دے دی گئی جبکہ ایگزیکٹو الاؤنس لینے والے افسران اور ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 75 فی صد ملے گا۔
کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے ملازمین کے ہاؤس رینٹ کیلئے بھی 8 کروڑ 40 لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ پیکیج کی منظوری کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے دی۔
خیال رہے کچھ روز قبل وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بہاولپور اور ملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دی۔ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دونوں سیکرٹریٹ کے ماڈل تیار کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بہاولپور اور ملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دیدی
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب بہاولپور اور سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب ملتان کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائیگا، جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے، تحریک انصاف کی حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے، جنوبی پنجاب کے دونوں سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پہلی بار ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے، سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں، سابق دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، جنوبی پنجاب کے فنڈز من پسند ضلعوں پر خرچ کیے گئے، ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دے رہے ہیں، جنوبی پنجاب کے لئے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوں گے۔