لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کر دیا جس کے بعد ن لیگ کی طرف سے لیگی ایم پی اے کی رکنیت معطل کر دی گئی۔
سابق وزیراعظم کی طرف سے اے پی سی میں پاک فوج مخالف تقریر کرنے پر جلیل شرقپوری نے میاں نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالیہ اے پی سی میں پاک فوج مخالف تقریر قومی مفاد کے سراسر خلاف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مزید تماشا نہیں بننے دینگے، مجھے سزا دیتے دیتے ملک کو ڈبو دیا: نواز شریف
انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت محب الوطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد ایسے منفی موقف سے اعلان برات کرتی ہے۔ افواجِ پاکستان ملکی سلامتی کی خاطر سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے پر تیار ہیں۔
لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) فوج پر نواز شریف کی جانب سے سیاسی معاملات میں مداخلت کا بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے ۔ ن لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے انڈیا اور مودی کی زبان بولی۔ ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی ن لیگی ارکانِ کا کوئی تعلق نہیں۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن لیگی ایم پی اے جلیل شرقپوری کی رکنیت معطل کرتے ہوئے ان سے سات روز میں جواب طلب کر لیا، اگر جواب جمع نہ کرایا گیا تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے اور ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔