بھارت میں پاکستانی ہندوؤں کا قتل،رمیش کمار کا تمام عالمی فورمزسے رجوع کا اعلان

Published On 30 September,2020 04:39 pm

پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار نے بھارت میں قتل کئے گئے پاکستانی ہندوؤں کے خاندان کو انصاف دلانے کے لئے تمام عالمی فورمز سے رجوع کا اعلان کر دیا ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا ہے کہ وہ بھارت میں بے دردی سے قتل کئے جانے والے گیارہ پاکستانی ہندوؤں کے خاندان کو انصاف دلانے کے لئے تمام عالمی فورمز سے رجوع کریں گے۔

آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے شہر جودھ پور میں گیارہ پاکستانی ہندوؤں کے قتل سے بھارت کا شہریت ترمیمی بل کی حقیقت سامنے آ گئی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کےلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔

انہوں نے بھارت کی لکھنو عدالت کے بابری مسجد سے متعلق فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقلیتوں کے حوالے سے ان کےامتیازی سلوک کا مظہر ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ کیس پر عدالت اور وکلا کی ایک آواز بنے۔ حکومت پہلے ہی ہمارے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ جلد تمام سفارتکاروں کا ایک اجلاس بلا رہا ہوں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے اس معاملے کو اپنا فرض سمجھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔