اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے بھارت میں ایمنسٹی انٹر نیشنل کے دفتر کی بندش کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بھارت میں ایک ایسے وقت اپنا دفتر بند کرنے پر مجبور کیا گیا جب اس نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنا شروع کیا اور دہلی میں مسلم مخالف فسادات میں پولیس کے ملوث ہونے کا بھی پردہ چاک کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی ہتھکنڈوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔
وزیر خارجہ نے بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی تشویش ظاہر کی۔