لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے باعث بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید 100 پاکستانی واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی کوشیں رنگ لے آئیں۔ مزید 100 پاکستانیوں کی بھارت سے وطن واپسی ہو گئی ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے بھارت سرکار کو پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مراسلہ لکھا گیا تھا۔
واہگہ بارڈر پر انڈین حکام نے تمام پاکستانیوں کو پاکستانی حکام کے حوالے کیا۔ وطن واپس پہنچنے والے ان 100 پاکستانیوں کا میڈیکل چیک اپ کیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
مکمل صحت مند ہونے کی صورت میں ہی تمام افراد کو گھروں میں جانے کی اجازت دی جائے گی۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث بارڈر بند ہونے سے سینکڑوں پاکستانی بھارت کی مختلف ریاستوں میں پھنس کر رہ گئے۔
پاکستانی حکام کی کوششوں کے باعث ان افراد کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔
اب تک تقریباً 300 کے لگ بھگ پاکستانی وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔ پاکستانی حکام کی جانب سے تقریباً دو ہفتے قبل پاکستان میں زیر تعلیم مقبوضہ کشمیر کے طالبعلموں کو بھی واہگہ بارڈر کے راستے بھارت جانے کی اجازت دی گئی تھی۔