لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ٹی 20 کپ کے پہلے میچ کے دوران ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 79 رنز سے بآسانی ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کے حیدر علی نے 90 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں شروع ہونے والے نینشل ٹی 20 کپ کے افتتاحی میچ میں ناردرن ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ناردرن کی طرف سے اننگز کا آغاز علی عمران اور ذیشان ملک نے کیا، تاہم 11 گیندوں پر 13 رنز بنا کر علی عمران عثمان خان شنواری کا نشانہ بن گئے۔ دوسرے نمبر پر آنے والے حیدر علی نے اوپنر ذیشان ملک کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کی۔
19 سالہ حیدر علی اور 23 سالہ ذیشان ملک نے 180 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جو نیشنل ٹی 20 کپ تاریخ میں دوسری بڑی شراکت داری ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور سابق قومی ٹیم کے اوپنر یاسر حمید کے پاس تھا، دونوں کھلاڑیوں نے 2014ء کے دوران 169 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی۔
Northern win by 79 runs.#NORvKP SCORECARD: https://t.co/IYLEDyLBtl#NationalT20Cup | #HarHaalMainCricket pic.twitter.com/n639GmPRW8
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 30, 2020
ذیشان ملک 47 گیندوں پر 77 رنز بنا کر جنید خان کو وکٹ دے بیٹھے، اُبھرتے ہوئے نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے 48 گیندوں پر 90 سکور کی شاندار بیٹنگ کی۔ آصف علی نے 23 اور عمر امین نے 14 سکور کی باری کھیلی۔ ناردرن نے مقررہ اوورز میں 242 رنز بنائے۔ جنید خان 2 اور شاہین آفریدی نے 1 شکار کیا۔
243 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کا آغاز اچھا نہ تھا، گزشتہ چند عرصے کے دوران مسلسل ناکام رہنے والے فخرزمان ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی ناکام رہے، 5 سکور بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
دیگر بیٹسمین بھی وقتاً فوقتا پویلین لوٹتے رہے، محمد رضوان 17،محمد حفیظ 6، شعیب ملک 20، افتخار احمد 28، محمد محسن 14 رنز بنا سکے، ٹیم کی طرف سے مزاحمتی اننگز صاحبزادہ فرحان نے کھیلی، جنہوں نے 48 گیندوں پر 62 رنز بنائے اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا سکی۔ موسیٰ خان نے تین جبکہ محمد نواز اور سہیل تنویر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔