اسلام آباد: (دنیا نیوز) ماہانہ دو سو یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی بتیس پیسے مہنگی، گیس میٹر کا کرایہ 40 روپے ادا کرنا ہوگا، یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی 33 روپے مہنگا، دیگر اشیا بھی غریب کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔
تفصیل کے مطابق حکومت نے بجلی کے لائف لائن صارفین کو بھی رگڑا لگاتے ہوئے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی 32 پیسے مہنگی کر دی ہے۔ اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کے نرخ بڑھانے کی منظوری دے دی ہے تاہم دو سو سے زائد یونٹس پر پرانے نرخ برقرار رہیں گے۔
بجلی کے نرخ گزشتہ نومبر سے جون تک فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ایل پی جی کی قیمت میں بھی 3 روپے کلو اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد فی کلو کی قیمت 120 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ گھریلو سلینڈر کی قیمت 1382 سے بڑھ کر 1416 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ڈسٹری بیوٹرز کا کہنا ہے کہ حکومت ایل پی جی کی درآمد پر عائد ٹیکسز میں کمی کرے۔ آئندہ سرد سیزن میں سوئی گیس کی طلب و رسد میں برھتے ہوئے فرق کو دیکھتے ہوئے اگر وافر مقدار میں ایل پی جی کی درآمد کے سودے نہیں کیے گئے تو مائع گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ ممکنہ سخت سردیوں میں اگر ایل پی جی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو اس سے غریب طبقے کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔
دوسری طرف یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی بریکیں فیل ہو گئی ہیں۔ گھی اور کوکنگ آئل سمیت مختلف اشیا اب عوام کو مہنگے داموں ملیں گی۔ کھانا بنانے کیلئے ضروری چیز گھی 33 روپے فی کلو تک مہنگا کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوکنگ آئل کی قیمت بھی 20 روپے فی لیٹر تک بڑھا دی گئی ہے۔
دیگر اشیا کی بات کی جائے تو ٹوتھ برش 14 سے لے کر 35 روپے، ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 5 سے لے کر 20 روپے، ریڈ چیلی پاؤڈر 73 روپے، ملک چاکلیٹ کی قیمت میں 5 روپے، شوینگ کریم 20 روپے تک مہنگی کر دی گئی ہیں۔ سوپ سمیت دیگر اشیا بھی مہنگی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا جس کا اطلاق فوری ہوگا۔
ادھر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کے 22 ارب روپے صارفین سے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت گیس کے میٹر کا ماہانہ کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کے دوران جے آئی ڈی سی کے ایک تہائی واجبات بھی وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مد میں 22 ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔ سٹیل ملز ملازمین کیلئے گولڈن ہینڈ شیک پلان منظور کیا گیا ہے۔ ای سی سی نے گولڈن ہینڈ شیک کیلئے 19 ارب 65 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری دیدی۔
سٹیل ملز کے 49 فیصد ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک ملے گا، سٹیل ملز کے نان پٹیشنرز ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے 11.6 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔