اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی خود مختاری کیلئے سٹریٹیجک صلاحیتوں کو مزید تقویت دینگے۔ مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت جوہری صلاحیت محفوظ ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سپارکو کے سیٹلائٹ گراؤنڈ سٹیشن کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے خلا، سائنس اور ٹیکنالوجی میں ملکی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر اور عسکری حکام بھی اس موقع پر ان کیساتھ تھے۔ اس موقع پر قومی سلامتی اور معاشی ترقی میں ٹیکنالوجی کے استعمال پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
سائنسدانوں اور انجینئرز نے وزیراعظم کو سائنس اینڈ ٹیکنالوجی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ملکی سلامتی وخود مختاری کو برقرار رکھنے کا بھرپور عزم کیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی خود مختاری کیلئے سٹریٹیجک صلاحیتوں کو مزید تقویت دینگے۔ مضبوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت جوہری صلاحیت محفوظ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سٹریٹیجک صلاحیت کو مستحکم بنائیں گے۔ وزیراعظم نے خلائی ٹیکنالوجی کیلئے انفرا سٹرکچر کو وسعت دینے کا اظہار کیا۔ نیشنل سپیس پروگرام 2047 پر بھی وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی۔