کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد شہر کے مختلف مقامات پر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ ضلع کورنگی، ضلع شرقی کے مختلف مقامات کو لاک ڈاؤن کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 15اکتوبر تک کورنگی کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاون ہوگا، کورنگی نمبر2، الفلاح سوسائٹی ،شادمان ٹاورملیر، درخشاں سوسائٹی ملیر میں بھی لاک ڈاون کا نفاذ ہوگا۔
لاک ڈاون والے علاقوں میں 9 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، لاک ڈاون والے علاقوں مین نقل وحرکت پر اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولی رہیں گی۔ ضلع شرقی کے بھی 5مقامات پر 17اکتوبر تک لاک ڈاون نافذ کورنگی اور ضلع شرقی میں لاک ڈاون کا اطلاق آج سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کورونا پھیلاؤ کا باعث، این سی او سی نے نوٹس لے لیا
مزید برآں شہر قائد میں پہلا نجی بینک کورونا کیسز آنے کے بعد سیل کر دیا گای، ضلع جنوبی میں نجی بینک کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر سیل کیا گیا، بینک میں پانچ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
دریں اثناء روشنیوں کے شہر کہلانے والے کراچی کے مختلف اضلاع میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر چار سکولز بند کردیئے گئے، بند کرائے گئے چاروں تعلیمی ادارے ضلع جنوبی میں واقع ہیں۔
اُدھر ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 12تعلیمی اداروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے، ضلع غربی میں ایک دکان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، شہر میں مجموعی طور پر سات شادی ہالز سیل کیے گئے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 61 ریسٹورینٹس سیل کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 499 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 431 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 625 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 99 ہزار 605، سندھ میں ایک لاکھ 37 ہزار 467، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 845، بلوچستان میں 15 ہزار 302، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 808، اسلام آباد میں 16 ہزار 650 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 754 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 35 لاکھ 80 ہزار 173 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 697 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 98 ہزار 55 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 480 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 15 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 499 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 237، سندھ میں 2 ہزار 512، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 260، اسلام آباد میں 182، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 88 اور آزاد کشمیر میں 74 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔