لاہور: (دنیا نیوز) اربوں کی عدم ادائیگیوں کے باعث ایل ڈبلیو ایم سی کی ماتحت کمپنی البیراک کی کام چھوڑ ہڑتال جاری ہے۔ صبح سے رات ہو گئی، متعدد علاقوں سے کوڑا نہ اٹھایا جا سکا۔
تفصیل کے مطابق صفائی کے معاملے میں لاہور بھی کراچی کے نقش قدم پر چل نکلا ہے۔ مختلف علاقوں میں ہزاروں ٹن کوڑا بدستور موجود ہے۔ تعفن اور گندگی انتظامیہ کو منہ چڑانے لگی ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے نصف حصہ میں ساڑھے 4 ہزار کنٹینرز گندگی سے بھرے پڑے ہیں۔ باغوں کا شہر کہلوانے والا لاہور کچرا کنڈی کا منظر پیش کر رہا ہے۔
شادمان، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور مال روڈ کے اطراف کوڑے کے ڈھیر پڑے ہیں۔ چائنہ سکیم، شالامار باغ، گڑھی شاہو، انار کلی کے علاقوں میں بھی گندگی جمع ہے۔
دوسری علاقوں کی بات کی جائے تو مغلپورہ، اندرون لاہور، راوی روڈ، بادامی باغ اور شاد باغ کے علاقوں سے بھی کچرا اٹھایا نہیں جا سکا ہے۔ تاجر اور رہائشی دونوں ہی شدید کوفت کا شکار ہیں۔ کہتے ہیں کہ صبح سے شام ہو جاتی ہے، محکمہ کی گاڑی کوڑ اٹھانے نہیں آتی۔
تنخواہیں نہ ملنے پر البیراک کے ڈرائیورز، سپروائزر اور سینٹری ورکرز کی ہڑتال جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اربوں روپے کے بجائے ذمہ داروں نے صرف 8 کروڑ روپے ادائیگی کی ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران سلطان کہتے ہیں کہ پانچ روز میں شہر کو زیرو ویسٹ کر دیا جائے گا۔