لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما نہال ہاشمی اور بیٹوں کو کراچی کی عدالت سے ضمانت مل گئی۔ عدالت نے پولیس ریمانڈ کی اسدعا مسترد کر دی۔
گزشتہ روز بیٹوں کے جھگڑے میں سلاخوں کے پیچھے پہنچنے والے ن لیگی رہنما نہال ہاشمی اور 2 صاحبزادوں کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ حسیب شاہ نے پولیس ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نہال ہاشمی، بیٹے بیرسٹر نصیر ہاشمی اور فہیم ہاشمی کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے 20، 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔
پولیس نے لیگی رہنما کو عدالت پہنچایا تو وکلا جمع ہوگئے، شدید نعرے بازی کی اور نہال ہاشمی کی حمایت میں کورٹ روم کے اندر تک جا پہنچے۔ بیشتر وکلا کرسیوں پر چڑھ گئے، شدید بدنظمی کے دوران مقدمے کی سماعت ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو میں نہال ہاشمی نے کہا کہ پولیس نے بیٹوں اور بیوی پر تشدد کیا۔
سٹی کورٹ میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ پولیس اہلکار کو زدوکوب کرنے کا مقدمہ سعود آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔