لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور لیگی نائب صدر مریم نواز سے 30 سوالوں کے جواب مانگتے ہوئے کہا کہ ایسی خبریں سامنے لا سکتا ہوں جس سے سیاست میں زلزلہ آ جائے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے مجھ پر گزشتہ پریس کانفرنس میں چار حملے کئے لیکن میں ان کا خاتون ہونے کی وجہ سے احترام کرتا ہوں البتہ ایسی خبریں نکال سکتا ہوں کہ سیاست میں زلزلہ آجائے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے کسی پارٹی عہدے دار پر یقین نہیں اس لئے اقتدار اپنے اور اپنے خاندان کے درمیان ہی رکھا ہے’ اب شاہد خاقان عباسی یا خواجہ آصف کو پارٹی قیادت کیوں نہیں دی جارہی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم جس جنرل ظہیر الاسلام کے خلاف بات کرتے ہیں وہ بتائیں انہوں نے ان کو ان کے الوداعی خط میں کیا لکھا تھا۔ کیا نواز شریف اس خط میں جنرل ظہیر کو ان کی جمہوریت کیلئے خدمات کو نہیں سراہا۔ کیا ان کا جمہوریت قائم رکھنے میں شکریہ ادا نہیں کیا’ نواز شریف بتائیں وہ چار سال پہلے جھوٹ بول رہے تھے یا آج۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ24 سال سے جو فوج لسانیت’ فرقہ پرستی اور دہشت گردی کیخلاف لڑ رہی ہے’ نواز شریف نے اسی کیخلاف اعلان جنگ کیا’ میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں کہ مسلم لیگ ن سے ش لیگ نکلے گی اور دسمبر، جنوری تک جھاڑو پھرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج عدالتیں بری لگتی ہیں کیونکہ آج کوئی ملک قیوم’ نسیم حسن شاہ یا تارڑ نہیں ہے’ جونیجو کی اسمبلی تڑوائی جائے تو جائز اور اپنی اسمبلی ٹوٹے تو ناجائز’ مریم کا لحاظ اس لئے ہے کیونکہ وہ خاتون ہے’ خاتون ہونے کے ناطے ان کو بہت ساری رعایتیں حاصل ہیں’ بالآخر ان کی رعایتیں ختم ہو کر رہیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: سی پیک کیخلاف سازش ہو رہی ہے، گٹھ جوڑ لندن میں ہو رہا ہے: شیخ رشید
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم کم از کم یہ تو بتائیں کہ ان کے چچا کی ضمانت کینسل کیوں ہوئی’ ان کے والد ہسپتال کیوں نہیں گئے’ وہ کون سے ملازم ہیں جو 17 ہزار روپے کی تنخواہ پر 9,9 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز شہباز شریف کے اکاونٹ میں کرتے رہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے مجھ پر گزشتہ پریس کانفرنس میں چار حملے کئے لیکن میں ان کا خاتون ہونے کی وجہ سے احترام کرتا ہوں البتہ ایسی خبریں نکال سکتا ہوں کہ سیاست میں زلزلہ آجائے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم بھی تھے اور یو اے ای میں ملازم بھی تھے’ نیب کے قانون فیٹف میں نیب کی 38 میں 34 ترمیمیں مان لیتے تو آج کوئی بیانیہ نہ آتا اور نہ کوئی تحریک کی بات کی جاتی’
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ دنیا میں سی پیک کیخلاف سازشی عناصر اور چین دشمن لوگ نواز شریف کو عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے میدان میں لے آئے ہیں تاکہ سی پیک کا راستہ روکا جائے’ لندن میں سی پیک کیخلاف سازش ہو رہی ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسمبلیوں سے کبھی استعفےٰ نہیں دیگی’ آئندہ چار مہینے سیاست میں اہم ہیں’ اپوزیشن کی تحریک 20 فروری تک چلے گی جس کے بعد یہ ٹائیں ٹائیں فش ہونگے’ اپوزیشن خوفزدہ ہے کہ آئندہ سال مارچ میں تحریک انصاف سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لے گی تو ان کو ندامت اٹھانا پڑیگی۔