لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمر کی تکلیف ہے، جان بوجھ کر کھانا زمین پر دیا جاتا ہے، جان کو خطرہ ہوا تو ایف آئی آر عمران خان، شہزاد اکبر کیخلاف درج ہوگی۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کمرہ عدالت میں بیان دیا کہ میری ایک بہت ضروری شکایت ہے، سارا زمانہ جانتا ہے مجھے کمر کی تکلیف ہے، 25 سال سے کمر کی درد میں مبتلا ہوں، نماز پڑھنے کیلئے کرسی کا رخ تبدیل کرتا ہوں، یکم اور 2 اکتوبر کو میری مدد کرنے سے انکار کر دیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا پہلے کھانا میز لیکن اب زمین پر رکھ دیتے ہیں، جان بوجھ کر ایسا کیا جاتا ہے تا کہ مجھے جھکنا پڑے، شکایت ڈی جی نیب کو بھجوائی ہے، یہ عمران خان اور شہزاد اکبر کی ایما پر ہوا، مجھے کچھ ہوا تو ایف آئی آر عمران خان اور شہزاد اکبر کیخلاف درج کراؤں گا۔
عدالت نے کہا آپ نے اپنی شکایت مجھے بتا دی ہے، جب تک عدالتی تحویل میں ہیں، احکامات میرے چلیں گے، دوران تحویل کوئی غیر انسانی سلوک برداشت نہیں کروں گا۔