لاہور: (دنیا نیوز) داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز آج چادر پوشی سے کیا جائے گا۔ سکیورٹی کے لیے 2 ہزار پولیس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت دیگر تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں۔
حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے 977 ویں عرس میں شرکت کے لیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ضعیف اور معذور زائرین کے لیے پہلی بار شٹل سروس بھی فراہم کی گئی، زائرین کے لیے دودھ کی سبیل، حلیم اور دیسی گھی کے حلوے تیار کئے جا رہے ہیں۔
داتا دربار کے ایڈمنسٹریٹر خالد محمود سندھو نے بتایا کہ شٹل بس سروس اور زائرین کے لیے سکولوں میں خصوصی جگہ مختص کی گئی ہے۔عقیدت مندوں کا کہنا ہے کہ عرس میں شرکت کر کے فیوض و برکات سمیٹیں گے۔
تقریبات کے تینوں روز 133 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی، 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار مختلف مقامات پر فرائض سر انجام دیں گے۔