اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت کے شہر کرناٹکا اور کیرالہ میں داعش کے کیمپ ہیں۔ بھارت کے 40 بینک منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، کیا یہ چیز فیٹف کو نظر نہیں آ رہی؟
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ میرے خلاف بہت باتیں کر رہے ہیں۔ مودی سرکار داعش کو مکمل سپورٹ کر رہی ہے۔
رحمان ملک نے مطالبہ کیا کہ فنانشنل ایکش ٹاسک فورس (فیٹف) کو بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالنا چاہیے۔ یہ بات تو دنیا نے بھی کنفرم کر دی ہے کہ بھارت داعش کو فنانس کر رہا ہے۔ بھارت دہشت گردوں کو سپورٹ کرتا ہے۔
انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ بھارت کے خلاف اتنے شواہد ہیں، فیٹف میں اس کیخلاف جانا چاہیے۔ چپ رہنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ بھارت نے پراکسی وار شروع کر رکھی ہے، ہمیں یہ بات نہیں بھولنا نہیں چاہیے۔ آر ایس ایس اور داعش کا پاکستان کے خلاف محاذ بن چکا ہے۔ دشمن پاکستان کے پیچھے پڑا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت سٹیٹ سپانسر دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کر رہا ہے۔ اس بارے میں حکومت، فیٹف اور اقوام متحدہ کو بھی خط لکھ رہا ہوں۔ بھارت کو گرے نہیں بلکہ بلیک لسٹ میں ڈالنا چاہیے۔ داعش اور آر ایس ایس کا محاذ پاکستان اور چین کے خلاف بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی لوگوں نے شام میں داعش سے ٹریننگ لیں۔