وزیراعظم اورآسٹریلوی ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ،دوطرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہار

Published On 12 October,2020 05:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب سکاٹ مورسن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں باہمی دلچسپی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے دوران معاشی چیلنجز سے نمٹنے پر آسٹریلوی حکومت کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں پاکستانی حکومت کے اقدامات بارے انھیں بتاتے ہوئے کہا کہ صحت کے ساتھ لوگوں کے معاش کی حفاظت جبکہ معیشت کو متحرک کرنے پر بھی توجہ دی گئی۔

وزیراعظم نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی، اس حکمت عملی سے کورونا کیسز میں کمی آئی۔ حکومت نے لوگوں کی زندگیاں بچانے اور معاشی بحالی پر کام کیا۔

عمران خان نے دوران گفتگو سکاٹ مورسن کو ترقی پذیر ممالک پر کورونا کے اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاک آسٹریلیا دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔ کورونا کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ بھی شروع ہوگی۔

وزیراعظم نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن خطے اور پاکستان کیلئے اہم ہے۔ افغانستان میں امن سے خطے میں تجارت بھی بڑھے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے آسٹریلین ہم منصب سکاٹ مورسن کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ ،ورسن نے کورونا کے دوران اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا جبکہ افغان امن کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے بھی وزیراعظم عمران خان کو دورہ آسٹریلیا کی دعوت دی۔
 

Advertisement