اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مذہب کی آڑ میں ملک میں انتشار کو ہوا دینے پر تلے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز اسلام آباد میں اقلیتوں کے لئے قومی کمیشن کے چیئرمین چیلا رام کی سربراہی میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
عمران خان نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقلیتوں کا قومی کمیشن اس سلسلے میں اپناکردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کے آئینی او ر قانونی حقوق کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے آج اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے ممتاز علمائے کرام سے ملاقات میں یقین ظاہر کیا کہ وہ اسلامی اقدار کے فروغ اور ملک میں فرقہ واریت کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے معاشرے کی سماجی ثقافتی اور مذہبی اقدار کو اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ علمائے کرام نے مشکل وقت میں ہمیشہ قوم اور حکومت کی رہنمائی کا فرض نبھایا ہے۔