اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے تعمیرات کے شعبے میں این او سی کے اجرا کا عمل آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیل کے مطابق ہاؤسنگ، تعمیرات اور ترقی کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ایک سو بارہ افراد اور کمپنیوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس اپنا اندراج کرایا ہے اور یہ 123 منصوبوں پر کام کریں گی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں بھی آگاہی سیمینارز منعقد کرائے گئے۔
سندھ کے چیف سیکرٹری نے اجلاس کو بتایا کہ ون ونڈو پورٹل فعال کر دیا گیا ہے اور 75 منصوبوں کے لئے این او سی کے اجراء کے علاوہ انہیں منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری نے کمیٹی کو بتایا کہ صوبے میں ہاؤسنگ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری 83 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے اور سٹیل، سیمنٹ اور اینٹوں کی فروخت میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک کے گورنر نے اجلاس کو بتایا کہ آسان اقساط کے بارے میں تحفظات دور کرنے کے لئے نجی بینکوں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ این او سی کے اجراء کا عمل آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ سرمایہ کار منصوبے بروقت مکمل کر سکیں۔