اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلاموفوبیا کیخلاف احترامِ باہمی کی حمایت میں بھی ہمارا موقف غیر متزلزل ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کیلئے پاکستان کے مزید 3 برس کیلئے انتخاب پر نہایت خوش ہوں۔
وزیراعظم نے لکھا کہ برداشت کے فروغ اور تعمیری سرگرمیوں کو اپنی ترجیحات کا حصہ بناتے ہوئے ہم سب کیلئے انسانی حقوق کے تحفظ کا عزم کئے ہوئے ہیں۔ اسلاموفوبیا کیخلاف احترامِ باہمی کی حمایت میں بھی ہمارا موقف غیر متزلزل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اتفاقِ رائے کے حوالے سے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا اور یقینی بنائے گا کہ کونسل کے کام کی بنیاد عالمگیریت، غیر جانبداریت، گفت وشنید اور تعاون کے اصولوں پر استوار ہو۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بلا خوفِ احتساب خلاف ورزیاں بھی بے نقاب کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس بڑی سفارتی کامیابی پر میں دفترِ خارجہ اور بیرونِ ملک موجود پاکستان کے سفارتی مشنز کے کردار کو سراہتا ہوں جن کی کاوشوں سے عالمی افق پر پاکستان کی حیثیت اور ساکھ میں اضافہ ہوا۔