اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے پٹرولیم لیوی میں اضافہ کرکے عوام کو ریلیف سے محروم کردیا ہے۔ پٹرولیم لیوی میں ایک روپے 14 پیسے فی لٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرولیم لیوی میں ایک روپے 14 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا ہے۔ پٹرولیم لیوی 27.32 روپے سے بڑھا کر 28.46 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 30 روپے کی سطح پر برقراررہے گی۔
پٹرول کے فی لٹر 15.11 روپے سیلز ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر 15.12 روپے فی لٹر سیلز ٹیکس عائد ہے۔ پٹرول کی بنیادی قیمت 51.50 سے کم ہو کر 50.39 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی بنیادی قیمت 52.05 سے کم ہو کر 51.92 روپے ہو گئی ہے۔ پٹرول کے فی لیٹر پر 53.58 روپے لیوی، ٹیکس اور ڈیوٹیز اور ہائی سپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر 54.14 روپے لیوی، ٹیکس اور ڈیوٹیز عائد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 103 اعشاریہ 97 پیسے پر برقرار رہے گی۔
حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی قسم کا ردوبدل نہ کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھی ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 104 اعشاریہ 6 پر برقرار رہے گی۔
اس کے علاوہ پیٹرول 103 اعشاریہ 97 پیسے، مٹی کا تیل 65 اعشاریہ 29 پیسے اور لائٹ ڈیزل رواں ماہ اکتوبر میں 62 اعشاریہ 86 پیسے پر فروخت ہوگا۔