اسلام آباد: (دنیا نیوز) سولہ اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اوگرا نے اس سلسلے میں پٹرولیم ڈویژن کو سمری ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی کی شرح میں کمی کا امکان ہے۔ پٹرولیم لیوی میں کمی کرکے صارفین کو معمولی ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
اس وقت پٹرول پر 27 روپے 32 پیسے فی لٹر، ہائی سپیڈ ڈیزل پر 30 روپے فی لٹر اور مٹی کے تیل پر 11 روپے 43 پیسے فی لٹر لیوی عائد ہے۔ وزارت خزانہ وزیراعظم عمران خان کی مشاورت کے بعد قیمتوں میں کمی کا اعلان کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ، ڈیزل 2 روپے 40 پیسے لٹر سستا
خیال رہے کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کا اطلاق پندرہ اکتوبر تک کے لیے ہوگا۔ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائی گئی سمری میں قیمتوں میں کمی کی سفارش کی گئی تھی۔ حکومت نے اس سے پہلے ماہ اگست کی پٹرولیم قیمتیں ہی ستمبر میں بھی برقرار رکھی تھیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 40 پیسہ کمی سے 104.06 روپے لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ پٹرول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ پٹرول 103.97 روپے فی لیٹر کی قیمت پر برقرار ہے۔
مٹی کا تیل 65.29 روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل بھی 62.86 روپے فی لیٹر پر ہی فروخت ہو رہا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر رات 12 بجے سے ہوا تھا۔