قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا بھرپور احتجاج، وزیراعظم عمران خان خطاب نہ کرسکے

Published On 16 October,2020 10:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے حکومت کی ایک نہ چلنے دی، بھرپور احتجاج اور شدید نعرہ بازی کی وجہ وزیراعظم عمران خان خطاب کیے بغیر ایوان سے چلے گئے۔ سپیکر نے قومی اسمبلی نے اجلاس پیر چار بجے تک ملتوی کر دیا۔

تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے حکومتی حکمت عملی ناکام بنا دی۔ وزیراعظم عمران خان خطاب بھی نہ کر سکے اور اجلاس ادھورا چھوڑ کر چل دیے۔

قومی اسمبلی اجلاس سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا تو اپوزیشن نے احتجاج شروع کر دیا اور آٹا چینی چور کی سرکار نہیں چلے گی کے نعرے لگائے۔

حکومتی اور اپوزیشن اراکین کے آمنے سامنے آنے پر سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس تھوڑی دیر کے لیے ملتوی کیا لیکن بات پھر بھی نہ بنی۔ پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس ایک دم 16 تاریخ کو پی ڈی ایم کے جلسہ والے دن بلا لیا گیا۔ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ نہیں ہوتی۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے انتخابات ایکٹ 2017ء میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا جبکہ مشترکہ میری ٹائم اور معلوماتی تنظیم بل موخر کر دئیے گئے۔ اپوزیشن نے ایوان میں نعرہ بازی جاری رکھی جس پر سپیکر نے قومی اسمبلی نے اجلاس پیر چار بجے تک ملتوی کر دیا۔
 

Advertisement