اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں پناہ گاہوں میں رہائش پذیر مستحق افراد کو بہترین اور معیاری خدمات کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
جمعرات کی شام پشاور موڑ اسلام آباد میں ایک پناہ گاہ کے دورے کے دوران انہوں نے خاص طور پر رہائش پذیر افراد کی دیکھ بھال کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت بھی کی اور انہیں پناہ گاہوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
وہ پناہ گاہ کے باورچی خانے میں بھی گئے اور فراہم کی جانے والی اشیاء اور خدمات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے لوگوں کو فراہم کیا جانے والا کھانا بھی کھایا۔
پناہ گاہ کا تصور غریب اور بے کس لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کرنے کے وزیراعظم عمران خان کے ہمدردی کے وژن سے لیا گیا ہے۔