اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا سیاسی بہروپ مکمل اترگیا، وہ سابق صدر پرویز مشرف بن گئے ہیں۔ نوازشریف کی تقریر سے عمران صاحب تکلیف نہیں تو ٹی وی پر دکھائیں؟
وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب جن دو بچوں کی بات کر رہے ہیں انہی بچوں نے آپ کو نانی یاد کروا دی ہے۔ آپ کی تقریر قابل ترس تھی، صاف پتہ چل رہا تھا کہ ان کی دم پر پاؤں آگیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ اُن کی نالائقی اور چوری کی وجہ سے مہنگائی اور بے روزگار ہوئی، خان صاحب نے تسلیم کیا کہ نالائقی اور چوری کی وجہ سے آٹا اور چینی مہنگا ہوا ان کی بے حسی عیاں تھی کہ انہیں عوام کے مسائل کی کوئی تکلیف ہے اور نہ ہی پریشانی۔
لیگی ترجمان کاکہنا تھا کہ نوا شریف کے ایک لفظ کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے کیونکہ وہ آئین کی بات ہے ووٹ کو عزت دو کی بات فوج کو نوازشریف کا بیانیہ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی تقریر فوج پر حملہ اورانتشار پھیلانے کی کوشش ہے: وزیراعظم
ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کی نااہلی، نالائقی اور کرپشن ملک کو کمزور کررہی ہے، ملک کی معیشت کمزور ہوجائے تو دفاع بھی کمزور ہوجاتا ہے، بھارت تب خوش ہوتا ہے جب ملک کے تین دفعہ منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش ہوتی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دشمن ملک تب خوش ہوتا ہے جب پاکستان کی معیشت اور دفاع کمزور ہوتا ہے، جب کشمیر کا سودا ہوتا ہے نوازشریف شخصیات کی بات کررہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ٹائیگر فورس کی تقری میں مریم نواز کو نانی کہنے کے رد عمل پر ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب وقت پر شادی کرتے توآج پڑنانا ہوتے، کاش رشتوں کے تقدس اور احترام کو سمجھتے۔