کراچی: (دنیا نیوز) کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند گاڑی میں سٹی کورٹ پہنچا دیا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کیس میں کراچی پولیس نے نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر شوہر کو حراست میں لے لیا، پولیس کیپٹن (ر) صفدر کو گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔
Police broke my room door at the hotel I was staying at in Karachi and arrested Capt. Safdar.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) October 19, 2020
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنوں کے خلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ قائداعظم مزار پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ 6،8 اور 10 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل ن لیگی رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری کے دوران سیاسی نعرے بازی کی گئی تھی۔