اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری قانون کے احترام کا بیانیہ ہے، قائد کے مزار پر نعرے، غیر سنجیدہ طرز عمل پر سزا ہونی چاہیئے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا قائداعظم کا مزار کم ظرف سیاسی قیادت کے کھیل کا میدان نہیں۔
دوسری جانب مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے کیس میں کراچی پولیس نے نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر لیگی رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا پولیس نے کمرے کا دروازہ توڑ کر شوہر کو حراست میں لے لیا، پولیس کیپٹن (ر) صفدر کو گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی درخواست پر کیپٹن (ر) صفدر، مریم صفدر سمیت 200 لیگی کارکنوں کے خلاف برگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمہ قائداعظم مزار پروٹیکشن ایکٹ کی دفعہ 6،8 اور 10 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل ن لیگی رہنماؤں کی مزار قائد پر حاضری کے دوران سیاسی نعرے بازی کی گئی تھی۔