پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بابائے قوم کے مزار پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم نواز کی ہلڑ بازی کی مذمت کرتے ہیں، اس بات کو بھول جائیں کس نے گرفتار کیا، یہ دیکھیں جرم کی نوعیت کیا ہے، مزار قائد کی حرمت کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پشاور میں شبلی فراز نے نیوز کانفرنس میں اپوزیش جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پاکستان میں بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ اکٹھا ہوا ہے، بنارسی ٹھگوں کا ٹولہ پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتا ہے، یہ 2 طبقات اور قوتوں کی جنگ ہے، یہ عناصر کرپشن اور چوری کے تحفظ کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، یہ عناصر اپنی لوٹ مار اور کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں، ذاتی مفاد کے لیے ملکی وسائل کو لوٹا گیا، انہوں نے ہر ادارے میں اپنے سہولت کار بٹھائے، تمام اداروں کو بتدریج تباہ کیا گیا۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا اپوزیشن نے فیٹف قانون سازی پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی، والدین کی چوری بچانے کی مہم جاری ہے، انہوں نے چوری بھی کی اور سینہ زوری بھی کر رہے ہیں، یہ کاروباری لوگ تھے، انہوں نے سہولت کی خاطر نظام چلایا، انہوں نے مولانا صاحب سے عوام نے ان کو مسترد کر دیا، پھر بھی ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں، خالی کرسیوں سے خطاب کرایا۔
شبلی فراز نے کہا کوئی شک نہیں مہنگائی ہے، ہم مانتے ہیں، کورونا کے باعث معیشت متاثر ہوئی، ہماری کورونا پالیسی کو عالمی سطح پر سراہا گیا، اسحاق ڈار نے مصنوعی طریقے سے معیشت کو سہارا دیا، ٹیکس نظام کو بھی انہوں نے تباہ کیا، وزیراعظم ملکی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہیں، عمران خان غریبوں کےلیےدرد رکھتے ہیں، حکومتی اقدامات سے معیشت کو استحکام ملا، اقتصادی اعشاریے بہتر ہوئے، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہوا، جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی۔