اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے میاں نواز شریف کی واپسی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت پولیٹیکل کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کی تازہ سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرپشن مقدمات کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، اب اپوزیشن کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔ وزیراعظم نے نواز شریف کی وطن واپس کیلئے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے پر بھی مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے شرکا کو ہدایت کی کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی تقریر فوج پر حملہ اورانتشار پھیلانے کی کوشش ہے: وزیراعظم
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کی تقریر فوج پر حملہ اور انتشار پھیلانے کی کوشش ہے۔ جو زبان انہوں نے آرمی چیف کیخلاف استعمال کی، یہ جنرل باجوہ پر نہیں پاک فوج پر حملہ ہے۔
ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی تقریر پر تبصرہ کرنا فضول ہے، بغیر جدوجہد کرنے والا لیڈر نہیں بنتا۔ 11 سال پہلے پیشگوئی تھی کہ یہ سب چور اکٹھے ہو جائیں گے، سرکس ہوگی، چوروں کی چوری پر ہاتھ پڑے گا تو نورا کشتی کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے۔
وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن کو 12 واں کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں گیارہ کھلاڑیوں کی جگہ ہوتی ہے 12 ویں کی بات نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے نواز شریف کو گیدڑ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دم دبا کر بھاگا تھا، وہاں بیٹھ کر جو زبان آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کیخلاف بات کی، یہ جنرل باجوہ پر نہیں پاک فوج پر حملہ ہے۔ یہی بات بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف فوج کے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے اور اسرائیل اور بھارت کی لابی سے مدد مانگ رہا ہے۔ میرے پاس تمام معلومات ہیں لیگی قائد کیا کر رہے ہیں۔ نواز شریف سنو آج کے بعد میری پوری کوشش ہے کہ تمہیں وطن واپس لایا جائے اور عام آدمی والی جیل میں رکھا جائے ، تم واپس آؤ اب میں تمہیں دیکھ لیتا ہوں۔