بلوچستان میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، بڑی مقدار میں بارودی مواد پکڑا گیا

Published On 22 October,2020 11:44 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان کے خفیہ اداروں نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے قمر دین کاریز میں چھپائے گئے باروردی مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا۔

 انٹیلی جنس اداروں اور سیکورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے علاقے قمردین کاریز آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز نے کارروائی کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بارودی مواد ذخیرہ کیے جانے کی معلومات پر کی۔

اس کامیاب کارروائی کے نتیجے میں برآمد کیے جانے والے بارودی مواد میں 6 سے 8 کلوگرام وزنی 8 تیار بارودی سرنگیں شامل ہیں جبکہ بارودی سرنگوں میں استعمال ہونے والے ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگز، تاریں اور ریمورٹ سے بھرا بیگ بھی برآمد کیا گیا۔

امن دشمنوں کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کے لئے ممکنہ طور پر یہ بارودی مواد حال ہی میں غدوانا کے علاقے کے ذریعے افغانستان سے لایا گیا، جسے ژوب اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جانا تھا۔