اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی نمایاں کامیابی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے پچھترویں اجلاس اور اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات کے دوران، بہترین کوآرڈینیشن پر، پاکستانی مشن کے کردار کی تعریف کی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے انتخابات میں پاکستان کی واضح کامیابی، بین الاقوامی برادری کی جانب سے، انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ہماری کاوشوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بھارت، بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈالتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ،انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت تمام موثر عالمی فورمز پر اٹھانا ہوگا۔ پاکستان مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھنے کے حوالے سے پرعزم ہے۔
اقوام متحدہ نیویارک میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اقوام متحدہ میں اجاگر کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔