پولیو کا خاتمہ: خیبر پختونخوا اور افغان صوبہ ننگرہار کے گورنرز اکٹھے ہوگئے، بچوں کو قطرے پلائے

Published On 24 October,2020 04:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان اور افغانستان سے پولیو کے خاتمے کےلیے خیبر پختونخوا اور افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے گورنرز اکٹھے ہوگئے،دونوں ہمسایہ ممالک کے گورنرز نے تقریب میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔

خیبر پختونخوا کے گورنر شاہ فرمان اور افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے گورنر انسداد پولیو کے لیے اکھٹے ہو گئے، پاک افغان بارڈر طورخم پرخصوصی تقریب میں بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے۔

گورنرخیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک مل کر مشترکہ کوششوں سے اس خطے کو پولیو سے پاک کریں گے، پاکستان میں پولیو کے 79 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ،پرامن اور صحت مند افغانستان سے سب سے بڑا فائدہ پاکستان کو ہوگا،

ہمسائیہ ملک افغانستان کے صوبہ ننگرہارکے گورنرضیاء الحق امرخیل کے مطابق افغانستان میں اب تک پولیو کے 53 کیسز سامنے آچکے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ افغانستان پاکستان کیساتھ قیام امن، تجارت، صحت اورامن مذاکرات میں تعاون کےلئے تیارہے

خیبر پختوںخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان میں تین اسپتال قائم کئے ہیں جبکہ طورخم بارڈر پر بھی آنے والے افغان باشندوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
 

Advertisement