لاہور: (دنیا نیوز) ریسکیو 1122 کے ملازمین کے لئے خوشخبری، ریٹائرمنٹ کی عمر 45 سال سے بڑھا کر 50 برس کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں ریسکیو 1122 سروس کو مزید بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ریسکیو 1122 کے ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 45 سال سے بڑھا کر 50 برس کرنے اور دوران تربیت ریسکیورز کو قواعد وضوابط کے تحت تنخواہ اور دیگر مراعات دینے، 3235 افسروں اور عملے کو قواعد وضوابط کے مطابق ریگولر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلند عمارتوں، پلازوں اور شاپنگ مالز میں ایمرجنسی اخراج کے راستے ہر صورت رکھے جائیں۔ انہوں نے عمارتوں کی جامع انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کاہ کہ عمارتوں کے قریب ہائیڈرنٹس لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہائیڈرنٹس سے آتشزدگی کی صورت میں فائر بریگیڈ گاڑیوں کو پانی کیلئے دور نہیں جانا پڑے گا۔ اس کے علاوہ عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا دائرہ کار پنجاب کے ہر ضلع تک لے کر جائیں گے۔ ہر ضلع کو ایمبولینس سروس کیلئے 50 موٹر سائیکلیں دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ 250 نئی ایمبولینسیں بھی خریدی جا رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 کے ادارے کو غیر روایتی انداز سے چلایا جائے گا۔ ریسکیو 1122 کے افسروں اور عملے کی ترقی کے امور کو جلد حل کیا جائے۔