لاہور: (ویب ڈیسک) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے فیصلے پر پاکستان سٹاک مارکیٹ پر چھائے غیر یقینی کی صورتحال کے بادل چھٹ گئے، رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران زبردست 584.47 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال چھائی ہوئی تھی، ملکی فضا میں غیر یقینی سیاسی صورتحال اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے خدشات کے باعث ٹریڈرز سرمایہ کاری کرنے سے گریزاں تھے اور محتاط انداز اپنائے ہوئے تھے۔
تاہم رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران سٹاک مارکیٹ میں انویسٹرز کی زبردست دلچسپی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 584.47 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 41850.47 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ایف اے ٹی ایف کا پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ
تیزی کے باعث 100 انڈیکس کی چھ حدیں بحال ہو گئیں، بحال ہونے والی حدوں میں 41300،41400، 41500، 41600، 41700 اور 41800 شامل ہیں۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.42 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 28 کروڑ 59 لاکھ 8 ہزار 457 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔