اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی پراپیگنڈہ اور دھمکی کو خاطر میں لائے بغیر قانون کے مطابق عمل کریں۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان نیب کے مطابق اجلاس میں احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ریفرنسز کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ نیب کی فرانزک سائنس لیبارٹری کو بھی مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں نیب پراسیکیوٹرز کی صلاحیتوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق بنانے پر غور جبکہ مختلف شارٹ کورسز، ماہر اور تجربہ کار ماہرین کی زیر نگرانی ترتیب دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ میگا کرپشن اور وائٹ کالر کرائم مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔