لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز لیموزین، مرسیڈیز یا چارٹرڈ طیارے سے عدالت جانا چاہتے ہیں، انہیں اپنی سالگرہ کیلئے نہیں کرپشن کیسز میں پیشی پر جانا تھا، حمزہ شہباز کا فرعونیت پر مبنی رویہ قابل مذمت ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حمزہ شہباز کے نخرے ابھی تک ختم نہیں ہوئے، آپ کھربوں ڈالرز کی کرپشن، منی لانڈرنگ کے سرٹیفائیڈ ملزم ہیں، موصوف 2 سال سے وی وی آئی پی احتساب دیکھ رہے تھے، اب حقیقی احتساب کا مزہ چکھیں گے، انہیں ایک عام مجرم کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا تو ان کے ہوش ٹھکانے آ جائیں گے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کل بھی انکشاف کیا تھا کی شہباز شریف اور نواز شریف کی خاندانوں میں پھوٹ پڑ چکی ہے، بیگم صفدر اعوان گونگلوئوں سے مٹی جھاڑنے کے لیے شہباز شریف سے ایک دو روز میں ملاقات کریں گی، لیکن میری اطلاعات کے مطابق اس ملاقات کا حاصل وصول کچھ نہیں ہوگا، عوام کو شریف خاندان کی اندرونی چپقلش سے غرض نہیں؛ ہمیں قوم کے لوٹے گئے اربوں روپے کی واپسی چاہیئے۔