اسلام آباد: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ فیٹف قوانین مدارس اور مساجد کے خلاف عالمی سازش ہے۔ ایسے قوانین کے ذریعے مساجد مدارس کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔ افسوس کہ اپوزیشن نے بھی اس معاملے میں حکومت کا ساتھ دیا۔
اسلام آباد میں علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ فیٹف قوانین دراصل پرویز مشرف کی طرف سے نائن الیون کے بعد اختیار کردہ پالیسی کا تسلسل ہے۔ اس بل کے ذریعے مساجد اور مدارس کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وقف املاک بل میں چیف کمشنر کو ایسے اختیارات دے دیئے ہیں کہ وہ جو چاہے کرے۔ ناظم کے فیصلے کے خلاف کہیں کوئی اپیل نہیں ہو سکے گی۔
سراج الحق نے کہا کہ ناظم اوقاف بتائے گا کہ تقریر کیا ہوگی؟ وقف کی جگہ پر مسجد مدرسہ چلتا رہے گا یا اس کی جگہ ہوٹل بنے گا؟ ہم مساجد اور مدارس پر اس حملے کو ناکام بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اپوزیشن نے بھی فیٹف بل میں حکومت کا ساتھ دیا۔ خواجہ آصف اب شکوے کر رہے ہیں کہ ہم نے حکومت کا ساتھ دیا مگر پھر بھی اپوزیشن کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تحریک تحفظ مدارس ومساجد کے خلاف وقف املاک بل کو مسترد کرنے کے لئے علما کے ساتھ ہیں۔ اگر وقف املاک بل اسلام آباد پر لاگو ہوا تو پھر ملک بھر میں لاگو ہوگا۔ وقف املاک بل کے خلاف عدالت اور عوام دونوں میں جائیں گے۔ علمائے کرام مسالک کو لڑانے کی سازش سے آگاہ رہیں۔