لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جیسے جیسے احتساب کا عمل تیز ہو رہا ہے، شریف خاندان کی طبیعتیں بگڑنا شروع ہو رہی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے اپنے رد عمل میں کہا کہ آل شریف کو جیل میں تکلیف اور صرف لندن جا کر شفا ملتی ہے، آل شریف کی ہر بیماری کی جڑ دراصل اقتدار سے لمبی جدائی کی وجہ سے ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ میم لیگ خاندان کے دیگر افراد سے ملکر شہباز شریف اینڈ فیملی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کر چکی ہے، عوام کے سامنے صرف ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے خاندانی اتحاد دکھایا جا رہا ہے، جو کل تک آل شریف کے وفادار تھے، آج ان کے خلاف وعدہ معاف گواہان بن چکے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے واضح کیا کہ حکومت شہباز اور حمزہ شریف کو عام قیدیوں کی طرح تمام طبی سہولیات فراہم کرے گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت یہ نہ سمجھے کہ ایاز صادق کے بیان کی بات پس منظر میں چلی جائے گی۔
سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کے عوام گوجرانوالہ، کوئٹہ جلسوں کے ملک دشمن بیانیے اور مزار قائد کی بے حرمتی کا حساب چاہتےہیں، اِنکی قومی اِداروں کےخلاف زہر پھیلا کر دشمن کو خوش کرنے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔