اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے مشورہ دیا ہے کہ عقلمند عناصر مسلم لیگ پاکستان بنا لیں، اپوزیشن نے خدمت نہیں، منافقت کی سیاست کی، ایاز صادق اور سینیٹر عطا الرحمان کو اپنے بیان پر کوئی ندامت نہیں، ایسے بیانات پر قانونی کارروائی ہوگی، کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا ایاز صادق کی تقریر پر عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، ملک میں نا امیدی پیدا کرنا اچھی بات نہیں، ملک میں نفسیاتی اور نا امیدی کا تاثر دیا جا رہا ہے، پاکستان میں اس وقت ہائبرڈ وار چل رہی ہے، جب حکومت سنبھالی تو ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار تھی، وزیراعظم نے سب سے پہلے معیشت کو سہارا دیا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا ملک پر قرضوں کا انبار تھا، اقساط دینی تھیں، حکومت نے انتہائی کامیابی سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو ختم کیا، ہم دیوالیہ ہو جاتے تو ملکی کرنسی بہت حد تک گر جاتی، وزیراعظم نے دوست ممالک کیساتھ مل کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کورونا کے دوران مشکلات سے بہترین حکمت عملی سے نمٹا، حکومت نے ہاؤسنگ منصوبوں میں اصلاحات کیں، حکومتی حکمت عملی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔