کراچی: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو چلانے کیلئے نیب کو تالہ لگایا جائے، ہائبرڈ ماڈل ناکام ہو چکا ہے، حکومت بتائے سوا دو سال میں کون سی کرپشن پکڑی ہے، وفاقی وزرا مسائل بھول بھال کر بیان بازی میں مصروف ہیں، حکمرانوں کی نا اہلی سے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چینی 300 اور گندم کی کرپشن 400 ارب سے اوپر چلی گئی ہے، عوام کی جیب سے پیسہ جا رہا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، وفاقی وزرا بتائیں ان کی وزارتوں نے کونسا کام کیا ہے، جس آدمی کا کردار نہ ہو اس کے الزام پر کمنٹ نہیں کرتا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا ملک میں اس وقت عجیب سے معاملات ہیں، ہائبرڈ ماڈل نے ملک میں جو تباہی کی اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ آئی جی سندھ کے اغوا سے متعلق ازخود نوٹس کا انتظار ہے، لاہور میں پوسٹر لگے، لگانے والے کا پتا نہیں، پتا لگنا چاہیئے لاہور میں لاکھوں کے پوسٹرز کس نے لگائے۔ انہوں نے کہا قومی اسمبلی نے بل منظور کیا ہے نیب کا اطلاق سی پیک پر نہیں ہوگا، سی پیک چلانے والوں کو استثنیٰ دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، ماتھوں سے پسینہ نکل رہا ہے، ظلم کا نظام جلد ختم ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں لانے کی مذمت کرتے ہیں، یہ ذاتیات پر مبنی احتساب کر رہے ہیں، ہم عمران نیازی کو گھر بھجوا کر ہی اپنا احتجاج بند کریں گے، اس نااہل حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا جیل میں حمزہ شہباز کے ساتھ رویہ نظر آتا ہے، وزیر اعظم منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکی دیتے ہیں، ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہے، سب کو نظر آ رہا ہے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ناحق بند کیا ہوا ہے، شہباز شریف کو جیل میں بند کر کے ملاقاتیں بند کر دیں، شہباز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران خان ہوں گے۔