لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیراعظم کی جائیداد کا مکمل ریکاڈر طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج اسد علی نے نواز شریف سمیت دیگر کے خلاف پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی اور استفسار کیا کہ کیا نواز شریف یا ان کی طرف سے کوئی پیش ہوا ہے ؟ نیب کے وکیل حارث قریشی نے بتایا کہ نواز شریف کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔
عدالت نے ریفرنس میں عدم حاضری پر نواز شریف کو اشتہاری قرار دے دیا۔ فاضل جج اسد علی نے نواز شریف کی حد تک کیس کو ریفرنس سے الگ کر دیا۔ عدالت نے نیب سے آئندہ سماعت پر نواز شریف کی مکمل جائیداد کی رپورٹ طلب کرلی۔
احتساب عدالت نے پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس پر سماعت 26 نومبر تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر ملزموں کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی جائیں گی۔