اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں پی ٹی وی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ ارکان اسمبلی کے مسائل کے حل کے لیے نیا نظام بھی کابینہ اجلاس میں پیش کیا گیا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارکان اسمبلی کے مسائل کے حل کے لیے نیا نظام پیش کر دیا گیا ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی شکایات بروقت حل نہ کرنے پر انتظامیہ اور محکموں کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
کابینہ اراکین کی جانب سے نعیم بخاری اور اصغر ندیم سید کی زائد عمر پر اعتراض کے بعد کابینہ نے پی ٹی وی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے امیدواروں کو عمر کی حد میں رعایت نہ دینے کا فیصلہ کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات کو سمری دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ موخر کر دیا گیا۔ کابینہ نے کورونا سے بچاؤ کے لیے اشیا کی امپورٹ پر ڈیوٹی اور ٹیکس کی معافی، سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق آرڈیننس، پاکستان میڈیکل اتھارٹی کے قیام، آن لائن ویزا سہولت مزید 16 ممالک تک بڑھانے اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری دی۔
کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے گزشتہ فیصلوں کی توثیق کر دی جبکہ پریس کونسل پاکستان کے ممبران کا نوٹیفکیشن اور کابینہ کی ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق موخر کر دی۔
کابینہ نے گلگت بلتستان انتخابات میں کامیابی پر وزیراعظم کو مبارکبا دی اور ڈیسک بجا کر علی امین گنڈاپور، مراد سعید اور زلفی بخاری کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ وزیراعظم نے مذاکرات کے ذریعے فیض آباد دھرنا ختم کرانے پر وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کی بھی تعریف کی۔