اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھیں عوام کی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ جب تک مہنگائی کنٹرول نہیں ہوگی، چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
وزیراعظم یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں۔ انہوں نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بھی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مہنگائی کے معاملے پر فوکس کیا گیا۔ وفاقی وزرا نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ بیوروکریسی مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے رائے دی کہ گندم بحران میں ملوث بیوروکریسی کی نشاندہی ہونی چاہیے۔
وفاقی کابینہ نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے اقدام کی تشہیر کسی صورت قبول نہیں ہے۔ اظہار آزادی رائے اور گستاخی میں فرق ہے۔ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ دنیا کو اسلاموفوبیا سے باہر نکلنا ہوگا۔ عالمی برادری دوہرا معیار ختم کرے۔ گستاخانہ خاکوں سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ اجلاس میں پشاور دھماکے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
وفاقی کابینہ کو گندم، چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی دستیابی، 30 جنوری 2021ء تک گندم درآمد کی ٹائم لائن، چینی کے درآمدی شیڈول اور قیمتوں میں کمی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔