مانسہرہ: (دنیا نیوز) انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دینے کے باوجود پاکستان مسلم لیگ نے جلسہ کے لئے پنڈال سجا لیا۔ کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مریم نواز، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور دیگر قائدین خطاب کرینگے۔
مانسہرہ میں مسلم لیگ نے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلیں، کرسیاں لگ گئیں۔ لیگی رہنما سردار محمد یوسف کا کہنا تھا ہمارا جلسہ پہلے سے طے تھا، اب روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، پر امن جلسہ ہمارا جمہوری حق ہے، سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جلسہ میں کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائیگا، شرکاء کو ماسک پہنائے جائینگے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان نے جلسے کیلئے کنٹینر دینے کی بات کی تھی، اب کورونا کے پیچھے چھپ رہیں ہیں، حکومت کو گھربھیج کر ہی دم لیں گے، پشاور کا جلسہ ضرور ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹی کو نہیں مانتے، حکومت اہل ہی نہیں تو کیا مذاکرات کریں، اللہ خیر کرے گا کورونا سے متعلق احتیاط کریںگے، ایس او پیز پرعمل کریںگے۔ انہوں نے کہا جن لوگوں نے پاکستان کی خدمت کی وہ آج جیلوں میں ہیں، نا جرم کا پتا ہے نا کوئی ثبوت ہیں، ہر مشکل میں عوام کے ساتھ رہا ہوں۔
امیر مقام کا کہنا تھا عمران خان نے مافیا پال رکھے تھے وہ اب پاکستان کی عوام سے وصول کر رہے ہیں، قوم کے لیے مشکل ترین دور ہے، اسی لیے ہم نے پی ڈی ایم بنائی ہے، پی ڈی ایم کی تحریک زورو شور سے چلی گی، اس سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے، ہائیکورٹ نے اجازت دی تو آج جلسہ کر رہے ہیں۔